نالے پربچت بازار کی اجازت منسوخ ہوگی،میئر

نالے پربچت بازار کی اجازت منسوخ ہوگی،میئر

ایسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے جس سے ملک اور شہر کا امیج متاثر ہوٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں

کراچی(این این آئی)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یونین کونسل چیئرمینز کا فنڈ بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے تاکہ مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً ساڑھے تین سو ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جوڑیا بازار اور جہانگیر روڈ پر فائبر کے مین ہولز کے کور بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو،انہوں نے کہا کہ اگر کے ایم سی کی جانب سے کسی نالے پر بچت بازار قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے تو اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اجازت منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ایسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے جس سے ملک اور شہر کا امیج متاثر ہو، اس موقع پر میئر کراچی نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بااختیار خواتین مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں اور ایک عورت کی ترقی پورے خاندان کی ترقی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے جس کی مثال مادر ملت فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں