موٹرسائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے شہری کو قتل کردیا

موٹرسائیکل  نہ  روکنے  پر  ڈاکوؤں  نے  شہری  کو  قتل  کردیا

گولی مقتول میاں بخش کی کمر پر لگی جو پار ہو کر موٹر سائیکل چلانے والے شوکت لگ گئی ،ملزمان فرار ہوگئےایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کا واقعے کا نوٹس ،ایس ایچ او گلشن معمار معطل ، عہدے میں تنزلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔تفصیلات کے مطابق گلشن معمار میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل نہ رکنے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔حالیہ واقعے کے بعد شہر میں رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے مقتول کی لاش اور زخمی شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق ایس ایچ او گلشن معمار نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس افغان کٹ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ میاں بخش جاں بحق جبکہ 36 سالہ شوکت زخمی ہوگیا۔

ایس ایچ او گلشن معمار روشن کرار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ افغان کیمپ پولیس چوکی انچارج گل ولی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہیں موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے روکنے کی کوشش کی تھی اور نہ رکنے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی مقتول میاں بخش کی کمر پر لگی جو دوسری جانب سے پار ہو کر موٹر سائیکل چلانے والے شوکت کی کمر پر لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد گڈاپ سٹی کی جانب جا رہے تھے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ دوسری جانب سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے شہری کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گلشن معمار کو معطل کر کے عہدے میں تنزلی دے دی ہے ۔اتوار کو ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا۔ایس ایس پی ویسٹ نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے افسران کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں