ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس انسداد دہشتگردی عدالت سے منتقل
سندھ ہائیکورٹ کے احکامات جاری، کیس سیشن کورٹ میرپور خاص میں چلے گاقانونی ماہرین نے حکم اہم پیشرفت قرار دیدیا، شفاف ومنصفانہ سماعت ہوگی، شہری
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران بڑا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمہ انسدادِ دہشت گردی عدالت سے منتقل کر کے سیشن کورٹ میرپورخاص میں چلانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شاہنواز کے قتل کیس میں جاری عدالتی کارروائی کے دوران سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ مقدمہ اب سیشن کورٹ میں چلایا جائے گا، عدالت کے اس فیصلے کو قانونی ماہرین کی جانب سے نہایت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کیس کی شفاف اور منصفانہ سماعت ممکن ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کنبھار قتل کیس کی مختلف ایف آئی آرز میں سابق ڈی آئی جی جاوید جسکانی، سابق ایس ایس پی چوہدری اسد سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کے علاوہ کئی دیگر ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا تھا، ان میں سے بعض ملزمان ضمانت پر ہیں جبکہ کچھ اہلکار اس وقت سینٹرل جیل میں ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔