کھنڈو گوٹھ میں بڑا آپریشن، 2 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار
کراچی(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر وسطی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حمیر احمد نے بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کھنڈو گوٹھ، نارتھ ناظم آباد میں واقع پاکستان ریلوے کی اراضی قابضین سے واگزار کرا لی۔
اسسٹنٹ کمشنر حمیر احمد نے بتایا کہ اراضی تقریبا 2 ایکڑ پر مشتمل ہے ، جس پر قبضہ مافیا نے جھگیاں اور جھونپڑیاں قائم کر کے غیر قانونی قبضہ جما رکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کافی عرصے سے مذکورہ سرکاری اراضی پر قبضے کی کوششیں جاری تھیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا جبکہ موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری بھی موجود تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ حمیر احمد نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔