حیدر آباد:شادی خریداری کیلئے نکلی 4خواتین 3دن سے لاپتہ
3سالہ بچی، ماں بیٹی شامل، پولیس کی عدم کارروائی کیخلاف ورثا کا احتجاجنسیم نگر تھانے میں ایف آئی آردرج، رابعہ کی شادی گزشتہ جمعہ کوطے تھی
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)شادی کی خریداری کے لیے گھر سے نکلی چار سالہ بچی سمیت چار لڑکیاں تین دن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہیں، پولیس کی کارروائی نہ ہونے پر ورثا کا احتجاج۔حیدرآباد کے نسیم نگر تھانے کے علاقے گاؤں بڈھو پالاری سے تین دن قبل شادی کا سامان لینے کے لیے گھر سے نکلی ایک بیٹی اور اس کی والدہ سمیت چار لڑکیاں واپس نہیں آئیں۔ اس سلسلے میں ان لڑکیوں کے ورثا نے ان کی بازیابی اور پولیس کی عدم کارروائی کیخلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مختار مستوئی، عبدالرزاق مستوئی اور دیگر نے کہا کہ تین دن قبل گھر سے خریداری کیلئے جانے والی مختار مستوئی کی بیٹی رابعہ مختاراس کی بہن انیلا زال، اﷲ بچایو کی بیٹی امیہ، اور حنا گل (عبدالرزاق کی بیٹی) رات تک واپس نہیں آئیں۔ اس معاملے کے بارے میں نسیم نگر تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی گئی، لیکن تین دن گزرنے کے باوجود پولیس نے لڑکیوں کو بازیاب نہیں کروایا۔انہوں نے کہا کہ رابعہ مختار مستوئی کی شادی گزشتہ جمعہ کو ہونے والی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم محنت مزدوری کرکے گھر کا گزارہ کرتے ہیں اور کسی پر شک نہیں رکھتے ، لیکن ایک مشکوک موبائل فون نمبر پولیس کو پہلے دن دیا گیا، لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ چار لڑکیوں کے گھر سے نکل جانے سے گھروں میں شدید تشویش اور پریشانی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے بالا حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور لڑکیوں کو بازیاب کروایا جائے۔