نوشہرو فیروز، گھوٹکی پولیس سے مقابلے ، 2ڈاکو مارے گئے

نوشہرو فیروز، گھوٹکی پولیس سے مقابلے ، 2ڈاکو مارے گئے

محراب پور کی دکان میں ڈکیتی کے بعد فرار کی کوشش ناکام، گلزار مارا گیا، 2گرفتارڈہرکی میں دوران گشت پولیس کا ڈاکوؤں سے سامنا، ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہوئی

محراب پور، گھوٹکی (نمائندگان)نوشہرو فیروز اور گھوٹکی میں پولیس سے مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک اور 2 گرفتار ہوگئے ، جبکہ 2 ملزم فرار میں کامیاب رہے۔ محراب پور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایک ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک جبکہ دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکو محراب پور میں تاجر عبدالرحمان سہتو کی دکان سے ڈکیتی کرکے فرار ہو رہے تھے کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو اطلاع ملی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور ہالانی نیشنل ہائی وے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت گلزار رند کے نام سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمی گرفتار ملزمان میں ایک کی شناخت امداد سولنگی (رہائشی میہڑ) اور دوسرے کی شناخت اعتبار رند کے نام سے ہوئی ہے ۔ ادھر گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں دورانِ گشت پولیس کے 3 مسلح ملزمان کے ساتھ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک اور اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری اپنی ٹیم کے ہمراہ لنک روڈ نزد کنڈے والے قبرستان کے قریب معمول کے گشت پر تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار کی کوشش کی اور فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت نہیں ہوئی، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے سخت ناکہ بندی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں