طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا ۔مختلف علاقوں کے مکینوں نے ماڈل کالونی میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملیر ماڈل کالونی، کھوکھراپار، جعفر طیار سوسائٹی، ملیر سٹی اور گرد و نواح میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے جس نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے ۔شرکاء نے الزام عائد کیا کہ خاص طور پر کھوکھراپار کے علاقے میں 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے ۔احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا فوری خاتمہ کیا جائے اور لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔