پیپلزپارٹی بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہوچکی،منعم ظفر
سندھ حکومت 18 سال سے قابض، لیاری کے اربوں روپے کہاں خرچ ہوئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع جنوبی سفیان دلاورکے ہمراہ یوسف ہارون روڈ بغدادی، لیاری میں سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی ڈسپنسری کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے کہا کہ عبدالستار افغانی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں،وہ خدمت، دیانت اور عوامی جدوجہد کا استعارہ تھے ،آج ان کے نام سے ڈسپنسری کا قیام دراصل ان کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے ۔انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار اور وسائل کے بغیر بھی عوامی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت سندھ میں 18سال سے قابض ہے لیکن عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کے اربوں روپے اور لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے نام پر اربوں روپے مختص کیے گئے مگر عوام آج بھی سہولتوں سے محروم ہیں۔ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ یہ وسائل کہاں خرچ ہوئے ؟لیاری کبھی فٹبال، باکسنگ اور سائیکلنگ کا مرکز تھا، مگر حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کے باعث نوجوان سہولیات سے محروم ہیں۔