بلوچ کالونی سے 100 سے زائد مختلف ہتھیار برآمد
میگزین، ایمونیشن، اسلحہ کے اسپیئر پارٹس اور تین پنچنگ ڈائی بھی برآمد . ملزم راشد محمود گھر سے غیر قانونی طور اسلحہ فروخت کرتا تھا،مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے بلوچ کالونی میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں رحمان کالونی، مکان نمبر 522 گلی نمبر 8 کے قریب کارروائی کے دوران ملزم راشد محمود ولد محمد الطاف کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ 3 راؤنڈ برآمد ہوئے ۔ پولیس نے ملزم کے گھر کی تلاشی کے دوران مزید بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا، جس میں 42 عدد 12 بور رپیٹر، مختلف اقسام کی رائفلز، ایم پی 5 اور ایم 4 طرز کے ہتھیار، متعدد 30 بور اور 9 ایم ایم پستول سمیت مجموعی طور پر تقریباً 100 چھوٹے بڑے ہتھیار شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں میگزین، ایمونیشن، اسلحہ کے اسپیئر پارٹس اور تین عدد نمبر لگانے والی پنچنگ ڈائی بھی برآمد کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے گھر سے غیر قانونی طور پر اسلحہ فروخت کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ بلوچ کالونی میں مقدمہ نمبر 174/2026 بجرم سندھ آرمز ایکٹ کی دفعہ 23 (1) اے کے تحت درج کرلیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور اس کے خلاف دھوکہ دہی اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے ، جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں ۔