بڑھتی گرمی کے سبب برف کی طلب میں300گنا اضافہ،دکانداروں نے نرخ بڑھا دیے

بڑھتی  گرمی  کے سبب  برف  کی طلب  میں300گنا  اضافہ،دکانداروں  نے  نرخ  بڑھا   دیے

شہری پانی کی قلت کے باعث غیر معیاری اور کھارے پانی سے تیار کی جانے والی برف خریدنے پر مجبور ہوگئے جس کی وجہ سے پیٹ کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)بڑھتی گرمی کے سبب برف کی طلب میں 300 گنا اضافہ ہوگیا ہے ، برف کی طلب میں اضافے کی وجہ سے شہر سے برف ناپید ہورہی ہے ، بجلی کی طویل بندش اور پانی کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ گرمی کی شدت اور وولٹیج میں کمی بیشی سے گھریلو برقی آلات، فریج، فریزر نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ، گرمی سے پریشان شہری بازار سے برف خرید رہے ہیں ، برف کی دکانوں پر لمبی لائنیں لگی ہیں، برف فروشوں نے برف کے نرخ بڑھادیے ہیں ۔ایک شہری نے کہا کہ گرمی کی شدت تو برداشت کر ہی لیتے ہیں کہ یہ قدرت کی طرف سے امتحان ہے لیکن پانی اور بجلی کا مسئلہ تو ہمارے حکمرانوں کا پیدا کیا ہوا ہے ۔بازار میں برف خریدنے کے لیے 5 دکانوں کا رخ کرچکا ہوں لیکن برف ہی نہیں مل رہی اور اگر کہیں مل رہی ہے تو اس کے دام دگنے ہیں اور برف بھی غیر معیاری ہے ، برف فروش کا کہنا ہے کہ پانی کے بحران کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہورہا ہے برف کی پیداوار میں بے انتہا کمی ہورہی ہے ، لوگ ہم پر غصہ کررہے ہیں کہ ہم برف دے نہیں رہے لیکن ہوگی تو دیں گے ،شہری برف کے حصول کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے نظر آئے ۔پانی کی قلت کے باعث غیر معیاری اور کھارے پانی کی برف بازاروں میں فروخت ہورہی ہے ، ناقابل برداشت گرمی کے باعث شہری غیر معیاری برف خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں لیکن اس کی وجہ سے پیٹ کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں