وزیراعلیٰ کے ترقیاتی منصوبوں کے ہنگامی دورے
حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ، جاری منصوبے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے ریڈ لائن، فلائی اوورز اور سڑکوں کے کام تیز کرنے کی ہدایت،اسفالٹ بچھانے اور پیچ ورک کا کام رات کے اوقات میں مکمل کیا جائے ،سید مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کی صبح کراچی میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے ریڈ لائن بی آر ٹی، منور چورنگی انڈر پاس، پہلوان گوٹھ روڈ اور عظیم پورہ انٹر سیکشن فلائی اوور کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے ، معیار بہتر بنانے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔وزیراعلیٰ نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی مختلف سائٹس کا دورہ جیل چورنگی سے شروع کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ء ناصر حسین شاہ ،جام خان شورو، میئر کراچی مرتضی وہاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ٹرانس کراچی کے سی ای او زبیر چنہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ اسفالٹ بچھانے اور پیچ ورک کا کام رات کے اوقات میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تکلیف برداشت نہیں، سڑکیں ہر صورت بحال ہونی چاہئیں اور کام صرف کاغذوں میں نہیں بلکہ زمین پر نظر آنا چاہیے ۔ وزیراعلی سندھ نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلی سندھ نے بی آر ٹی ریڈ لائن موسمیات فلائی اوور کے بقایا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فلائی اوور کو جلد مکسڈ ٹریفک کیلئے کھولا جائے ۔
بعدازاں وزیراعلی نے منور چورنگی انڈر پاس کا دورہ کیا ۔ مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو انڈر پاس کی تعمیراتی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی سندھ نے پہلوان گوٹھ روڈ بحالی و بہتری منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلی سندھ نے منصوبے کے دوران متبادل ٹریفک پلان بنانے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات پہنچانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پہلوان گوٹھ روڈ منصوبہ ملیر، صفورا اور اطراف کے علاقوں کیلئے اہم سہولت ثابت ہوگا ۔بعد ازاں وزیراعلی سندھ نے عظیم پورہ انٹر سیکشن فلائی اوور اور شاہ فیصل ٹاؤن روڈ بحالی منصوبے کا بھی دورہ کیا۔مراد علی شاہ نے گرڈر لانچنگ اور ڈیک سلیب کے کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ مکمل ہونے سے شاہراہ بھٹو، شاہ فیصل کالونی اور تھنڈی سڑک پر ٹریفک روانی بہتر ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اطراف کی سڑکوں، نکاسی آب اور ٹریفک مینجمنٹ کو بھی موثر بنانے کی ہدایت دی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبے شہر کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔