جیکب آباد:بالائی اضلاع میں شدید گرمی کاالرٹ جاری
پارہ 49 ڈگری تک جانے کا امکان، 11 مئی تک موسم انتہائی گرم، خشک رہے گا پی ڈی ایم اے کی تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ کی ہدایت
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، درجہ حرارت 49 ڈگری تک جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے جیکب آباد سمیت سندھ کے بالائی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 11 مئی تک جیکب آباد میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ، شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور دن کے اوقات میں دھوپ سے بچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ طبی ماہرین نے زیادہ پانی پینے ، ہلکے کپڑے پہننے اور سر ڈھانپ کر رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جاسکے ، جبکہ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زرعی سرگرمیوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ مال مویشیوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے سایہ دار جگہوں اور پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائیں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی ہے ۔