سرمست کے الاٹیز کوپانی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں، ڈاکٹر افشاں
ڈی جی ادارہ ترقیات کاپمپنگ اسٹیشن کا دورہ، کام کی سست روی پربرہمی کااظہار منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد ڈاکٹر افشاں رباب سید نے ہوسڑی ولیج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا، اور کام کی سست روی پر برہمی کا اظہارِ کیا، انہوں نے کہا گلستانِ سرمست کے الاٹیز کو پانی کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے ڈاکٹر افشاں رباب سید نے آج ہوسڑی ویلیج میں زیر تعمیر ایک کروڑ گیلن یومیہ گنجائش کے حامل پمپنگ اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے گلستانِ سرمست ہاسنگ اسکیم کے لیے زیر تکمیل اس اہم منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی ایچ ڈی اے کو منصوبے کی فنی خصوصیات اور اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر اور کام کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ افرادی قوت میں اضافہ کر کے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے ، تاہم کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے پمپنگ اسٹیشن سے گلستانِ سرمست تک بچھائی جانے والی 36 انچ قطر کی ایم ایس (MS) لائن کا بھی معائنہ کیا اور مٹیریل کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی۔