وزیر صحت نے خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا افتتاح کردیا

وزیر صحت نے خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا افتتاح کردیا

پولیو ٹیموں کی سکیورٹی اور حساس علاقوں تک رسائی کے لیے موثر انتظامات والدین 4 سے 10 سال عمر کے بچوں کو ڈوز لازمی دلوائیں، عذرا پیچوہو

کراچی (این این آئی)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرہ فضل پیچوہو نے صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں کو مزید موثر بنانے کے لیے خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگھی، ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار میمن اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات نہایت اہم ہیں اور اس ضمن میں والدین کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ 4 سے 10 سال عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لازمی دلوائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری کے خطرے سے محفوظ بنایا جا سکے ۔ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سکیورٹی اور حساس علاقوں تک رسائی کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے ۔اس خصوصی مہم کے تحت کراچی کی 89 یو سیز سمیت مختلف اضلاع میں لاکھوں بچوں کو گھر گھر جا کر اور قائم کردہ مراکز پر پولیو سے بچا ؤکی اضافی خوراک (بوسٹر ڈوز) فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں