ابلیسی اتحاد ثلاثہ کیخلاف نظریاتی بنیان مرصوص ناگزیر، تنظیم اسلامی

ابلیسی اتحاد ثلاثہ کیخلاف نظریاتی بنیان مرصوص ناگزیر، تنظیم اسلامی

مسلح افواج نے اللہ کی نصرت سے بھارت کیخلاف آپریشن شروع کیا، شجاع الدین

جیکب آباد (نامہ نگار)ایک برس قبل بھارت اور اس کے پشت پناہوں کو پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں چِت کر دیا تھا۔ ابلیسی اتحادِ ثلاثہ کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے نظریاتی بنیان مرصوص ناگزیر ہے۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک پالیسی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک برس قبل 10 مئی کی صبح نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے اﷲ تعالی کی خصوصی مدد اور نصرت سے بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ بھارت کا پاکستان پر یہ جنگ مسلط کرنے کا مقصد گریٹر اسرائیل کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ یعنی پاکستان کو نقصان پہنچانا اور اس کے ایٹمی دانت توڑنا تھا، جس کے لیے اسرائیل نے بھارت کو ڈرونز بھی فراہم کر رکھے تھے۔

لیکن اﷲ تعالی کا خاص کرم ہوا کہ پاکستان نے بھارت کے طول و عرض میں میزائلوں، لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کے ذریعے تہلکہ مچا دیا۔ بھارت کے لڑاکا طیاروں اور براہموس میزائلوں کے اڈوں کو تباہ کر دیا۔ بھارت کی درجنوں اہم فوجی تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچا کر دشمن کو چِت کر دیا۔ لیکن ہمارے نزدیک خطرہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی ٹلا نہیں۔ بھارت پاکستان کیخلاف آپریشن سندور 2 کے نام سے ایک نیا آپریشن شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس میں اسے اپنے فطری ابلیسی اتحادی اسرائیل کی مکمل معاونت حاصل ہے ۔ امیر تنظیم نے کہا کہ ایران پر اسرائیل، امریکہ کے حملہ بھی پاکستان کو نشانہ بنانے کی سازش کی کڑی ہے ۔ لہٰذا قوم کو آپس کی ناچاقیوں اور ناراضگیوں کو بھلا کر متحد ہونا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں