نوڈیرو میں ایک قتل، کنڈیارو میں گروہی تصادم، 6افراد زخمی

نوڈیرو میں ایک قتل، کنڈیارو میں گروہی تصادم، 6افراد زخمی

پنگریو، محراب پور میں گھریلو جھگڑوں پر2افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا

نوڈیرو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) نوڈیرو میں ایک شخص قتل کردیا گیا، جبکہ کنڈیارو میں گروہی تصادم پر 6 افراد زخمی ہوگئے ، پنگریو اور محراب پور میں 2 افراد نے اپنی جانیں لے لیں۔ نوڈیرو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیاز حسین کھکھرانی جاں بحق ہوگیا۔ حملہ آور فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔ادھر کنڈیارو کے قریب معمولی بات پر گوپانگ برادری کے دو گروپوں میں جھگڑے کے نتیجے میں 6 افراد محمد موسیٰ، زاہد، جمیل، وحید ، اربیلو اور دادن گوپانگ زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا۔ پنگریو کے قریب ملکانی شریف کے علاقے میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے 25 سالہ نوجوان مزدور گلاب کولہی نے مبینہ طور پر گھر کے قریب پھندا لگا کر خودکشی کرلی، ضروری کارروائی کے بعد لاش حوالے کردی گئی۔ محراب پورمیں بھی کوٹ بہادر کے رہائشی نوجوان غلام حسین عرف پتنگ سیال نے زندگی کا چراغ گل کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں