روہڑی:محنت کش کو43ہزار روپے کا گیس بل تھما دیا گیا
ایس ایس جی سی کا اضافی بل بھیجنے کا سلسلہ جاری، حنیف عباسی پریشانی کاشکارٹافیاں بیچ کر گزربسر کررہا ہوں، اتنا بھاری بل کیسے ادا کرسکتا ہوں، گفتگو
روہڑی(نمائندہ دنیا)سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC) روہڑی کی جانب سے صارفین کو مبینہ اضافی بل بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث غریب شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ علی واہن کے رہائشی محنت کش محمد حنیف عباسی، جو ٹافیاں فروخت کرکے گھر کا گزر بسر کرتے ہیں، کو ایک ماہ کا 43 ہزار روپے کا گیس بل موصول ہوا ہے ۔ محمد حنیف عباسی کے مطابق ان کے گھر میں صرف دو افراد رہتے ہیں اور روزانہ صرف ایک وقت کھانا پکایا جاتا ہے ، اس کے باوجود انہیں ہزاروں روپے کا بھاری بل بھیج دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اضافی بل موصول ہوا تھا، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام سے شکایت کی تو سوئی گیس حکام نے میٹر تبدیل کیا اور سروے بھی کیا، مگر اس کے باوجود دوبارہ 43 ہزار روپے کا اضافی بل ارسال کردیا گیا، متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ محکمہ سوئی گیس روہڑی کا عملہ صارفین کے ساتھ زیادتیاں کر رہا ہے ، جس کے باعث غریب طبقہ ذہنی اذیت میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک غریب محنت کش ہیں اور ٹافیاں بیچ کر بمشکل گھر کا خرچ چلاتے ہیں، اتنی بڑی رقم کا بل ادا کرنا ان کے بس سے باہر ہے ، محمد حنیف عباسی نے وفاقی وزیر پٹرولیم و گیس، جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی سکھر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اضافی بل ختم کرکے اصل میٹر ریڈنگ کے مطابق درست بل جاری کیا جائے تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔