سجاول:ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو لانچ انتظامیہ کے حوالے

سجاول:ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو لانچ انتظامیہ کے حوالے

سمندری طوفان، بارشوں کے دوران بروقت امداد مل سکے گی، ایاز شیرازی

سجاول (نامہ نگار)ساحلی ضلع سجاول میں قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید (بوٹ ایمبولینس) ریسکیو لانچ ضلع انتظامیہ کے حوالے کردی گئی۔ رکن قومی اسمبلی سید ایاز حسین شاہ شیرازی کی کاوشوں سے فراہم کی گئی سہولت کا مقصد سیلاب، سمندری طوفان اور شدید بارشوں کے دوران بروقت امدادی کارروائیوں کو مؤثر بنانا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سجاول میں منعقدہ تقریب میں ریسکیو 1122 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریگیڈیئر طارق قادر لاکھیر، ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند، ڈائریکٹر کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی مختار مہر، جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس کی پرو وائس چانسلر مصباح بی بی قریشی اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے موجودہ انتظامات اور ساحلی علاقوں کو درپیش خطرات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ایاز حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں قدرتی آفات کے دوران بروقت امدادی کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں، اس مقصد کیلئے جدید ریسکیو سہولت کی فراہمی ناگزیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ سجاول جیسے حساس ساحلی ضلع میں ریسکیو وسائل کو مضبوط بنانے کیلئے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ مستقبل میں بھی ساحلی علاقوں کیلئے مزید ترقیاتی اور حفاظتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں