میرپور خاص:واٹر کورسز کی بندش کیخلاف آبادگاروں، مکینوں کااحتجاج

میرپور خاص:واٹر کورسز کی بندش کیخلاف آبادگاروں، مکینوں کااحتجاج

جمڑاؤ کینال کی مین موری پرٹائر نذر آتش، دھرنا دے کر سانگھڑ روڈ بلاک کردیکینال کے ابتدائی حصے میں پانی فروخت، ہمیں 20روز سے پانی نہیں ملا، مظاہرین

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)جمڑاؤ کینال میں مبینہ پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور کینال سے نکلنے والے واٹر کورسز کو کرین کے ذریعے بند کرنے کیخلاف آبادگاروں اور مقامی رہائشیوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے جمڑاؤ کینال کی مین موری پر مظاہرہ کیا، ٹائر نذرِ آتش کیے اور سانگھڑ روڈ پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کر دی، احتجاج کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کینال کے ابتدائی حصے میں پائپ لگا کر پانی فروخت کیا جا رہا ہے ، آبپاشی حکام چھوٹے آبادگاروں سے ناانصافی کر رہے ہیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ 20 روز سے انہیں نہیں ملا، اب محکمہ آبپاشی کے انجینئر اور ایس ڈی او کرین کے ذریعے ان کے واٹر کورسز بند کرا رہے ہیں، احتجاجی رہنماؤں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا موقع ہے لیکن ان کے گھروں میں پینے کا پانی تک موجود نہیں، قربانی کے جانوروں کے لیے پانی دستیاب نہیں اور نہ ہی نماز عید و دیگر ضروریات کے لیے پانی میسر ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ان کے حصے کا پانی فروخت کرکے ان کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے ، مظاہرین نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے نارا کینال کے ڈائریکٹر سمیت متعلقہ حکام کو متعدد شکایات کی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کے باعث مویشی مر رہے ہیں، آبادگاروں نے صوبائی وزیر آبپاشی، سیکریٹری آبپاشی اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور پانی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں