ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی اختتام پذیر

ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی اختتام پذیر

منڈی میں ڈھائی لاکھ سے زائد جانور لائے گئے ، 99 فیصد فروخت ہو گئےٹھیلہ فروشوں، ہوٹل اور کیبن مالکان کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئے

کراچی (این این آئی)ناردرن بائی پاس پر قائم گیارہ سو ایکڑ پر محیط عوام دوست مویشی منڈی اختتام پذیر ہوگئی، اس سال منڈی میں ڈھائی لاکھ سے زائد جانور لائے گئے جن میں سے 99 فیصد فروخت ہو گئے ، جبکہ مختلف بلاکس مکمل طور پر خالی ہوچکے ہیں۔5 اپریل سے شروع ہونے والی مویشی منڈی اس بار صرف خرید و فروخت کا مرکز نہیں بلکہ ایک فیملی فیسٹیول کا منظر پیش کرتی رہی۔ فوڈ اسٹریٹ، بچوں کے کھیل، فیملی انٹرٹینمنٹ اور خصوصی انتظامات نے شہریوں کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے کھانوں اور تربوز کے شربت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے عید کی خریداری مکمل کی۔انچارج ایڈمنسٹریشن اسلم بلوچ کے مطابق منڈی میں اب اونٹ، گائے ، بیل اور بکرے ملا کر صرف پانچ سو کے قریب جانور باقی رہ گئے ہیں، جبکہ کے پی کے ، پنجاب، سندھ، سفائر، گولڈن، پہاڑی، کراچی اور جنرل بلاک مکمل طور پر خالی ہو چکے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی طارق تنولی نے کامیاب انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ ٹھیلہ فروشوں، ہوٹل مالکان اور کیبن مالکان کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئے ۔ انہوں نے الیکٹرانک، پرنٹ، سوشل اور عالمی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے منڈی کی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔دوسری جانب اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہونے والے بیوپاری ہاتھ ہلا کر کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں