ڈیفنس میں ڈاکوؤں نے ایس ایس پی کا گھر لوٹ لیا

ڈیفنس میں ڈاکوؤں نے ایس ایس پی کا گھر لوٹ لیا

مقدمہ ساحل تھانے میں درج،گلستان جوہر میں ایس ایس یوکمانڈولٹ گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے پوش علاقے میں ایک اور ڈکیتی کی واردات ہوگئی، ڈیفنس فیز ایٹ میں ڈاکوؤں نے ایس ایس پی عرفان سموں کا گھر لوٹ لیا۔پولیس نے ملزمان سے متعلق اہم شواہد مل جانے کا دعویٰ کیا اور مقدمہ درج کرلیا ہے ۔کراچی میں ڈیفنس مرتضیٰ کمرشل کے قریب فلیٹ میں ڈکیتی کی واردات گزشتہ شب ہوئی۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ڈی پی او رحیم یار خان عرفان سموں کے بھائی اور بھتیجا فلیٹ میں موجود تھے ، اسلحے کے زور پر ڈاکوؤں نے داخل ہوکر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور گھر سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کرلے گئے ۔

مقدمہ تھانہ ساحل میں ایس ایس پی عرفان سموں کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان سے متعلق اہم شواہد مل گئے ہیں، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے سندھ پولیس کے کمانڈو کو لوٹ لیا۔ بلاک 15 میں موٹرسائیکل پر سوار تین رکنی ڈاکوؤں نے ایس ایس یو کمانڈو ارسلان کو واردات کا نشانہ بنایا۔اس واردات کا مقدمہ ایس ایس یو کمانڈو ارسلان کی مدعیت میں گلستان جوہر تھانے میں درج کرلیا گیا۔ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکل نقدی اور دیگر سامان چھینا جبکہ پولیس کا سروس کا کارڈ بھی چھین کر فرار ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں