میئر کا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ، بغیر پروٹوکول چیک اپ

 میئر کا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ، بغیر پروٹوکول چیک اپ

میئر کا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ، بغیر پروٹوکول چیک اپ طبی سہولیات ،ادویات اور صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنایا جائیگا،مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ کیا اور عام شہری کی طرح او پی ڈی کا باقاعدہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ کروایا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور محکمہ اسٹیٹ کی سینئر ڈائریکٹر سمیرا بھی موجود تھیں۔ میئر کراچی نے اسپتال پہنچ کر عام مریضوں کی طرح پرچی حاصل کی، او پی ڈی میں اپنی باری کا انتظار کیا اور بغیر کسی خصوصی پروٹوکول کے ڈاکٹر سے اپنا چیک اپ کروایا۔اس موقع پر میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہر میں صحت کی معیاری سہولیات ہر شہری کو بلا امتیاز اور مساوی بنیادوں پر فراہم کی جائیں، عوامی اداروں پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسپنسر آئی اسپتال کی حالت مختلف تھی تاہم آج یہ ادارہ عوام کے اعتماد کا مرکز بن رہا ہے اور میں خود بھی اسی اسپتال میں علاج کروا رہا ہوں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اداروں میں بہتری لائی جارہی ہے ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں