سی بی سی میں رین مینجمنٹ موک ایکسرسائز کا آغاز

سی بی سی میں رین مینجمنٹ موک ایکسرسائز کا آغاز

مینجمنٹ پلان کے تحت 1300سے زائد اہلکار اور مشینری تعینات سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ عمر فاروق ملک کا مون سون تیاریوں کا جائزہ

کراچی(سٹی ڈیسک)چیف ایگزیکٹو آفیسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ (سی بی سی) عمر فاروق ملک نے مون سون سیزن سے قبل رین مینجمنٹ موک ایکسرسائز کا افتتاح کیا اور مختلف آپریشنل مقامات کا دورہ کرکے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف انجینئر اور متعلقہ افسران نے سی ای او کو مون سون تیاریوں، نکاسی آب کے نظام، اسٹارم واٹر ڈرینز، سیوریج نیٹ ورک، مشینری کی دستیابی اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رین مینجمنٹ پلان کے تحت 1300 سے زائد اہلکار اور 250 سے زائد مشینری یونٹس مختلف علاقوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔ موک ایکسرسائز کا مقصد بارشوں سے قبل مشینری، افرادی قوت، نکاسی آب کے نظام اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیت کا عملی جائزہ لینا ہے ۔بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ملک نے کہا کہ مون سون سے قبل پیشگی منصوبہ بندی اور موثر تیاری ہی کامیاب رین مینجمنٹ کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال متعارف کرائی گئی موک ایکسرسائز کے مثبت نتائج سامنے آئے تھے اور شدید بارشوں کے باوجود کم وقت میں پانی کی نکاسی ممکن بنائی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اسٹارم واٹر ڈرینج انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے ۔سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے تمام متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران مکمل تیاری، مسلسل نگرانی اور بروقت ردعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں