بدین:540سے زائد اساتذہ کی بنیادی تعلیم سے متعلق تربیت مکمل

بدین:540سے زائد اساتذہ کی بنیادی تعلیم سے متعلق تربیت مکمل

اساتذہ کوجدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ناگزیرابتدائی جماعتوں کے طلبہ کی تعلیمی بنیاد مضبوط کرنا وقت کی ضرورت، ایم ڈی گہنور علی

بدین (ڈسٹرکٹ ڈیسک)سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن حکومت سندھ کے تحت بدین میں فاؤنڈیشن اسسٹڈ اسکولز کے 540 سے زائد اساتذہ کی بنیادی تعلیم سے متعلق تربیت مکمل کر لی گئی۔ پروگرام کا مقصد ابتدائی جماعتوں میں تدریسی معیار بہتر بنانا اور بچوں کی سیکھنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے ۔ فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گہنور علی لغاری نے مختلف علاقوں میں جاری کلسٹر بیسڈ تربیتی سیشنز کا دورہ اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کہا معیاری تعلیم کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں اور مسلسل سیکھنے کے مواقع فراہم نہ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی جماعتوں کے طلبہ کی تعلیمی بنیاد مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسی مقصد کیلئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت اساتذہ کو بچوں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ قائم کرنے ، انہیں سیکھنے کے عمل میں دلچسپی دلانے اور جدید تدریسی حکمت عملیوں کو اپنانے میں مدد فراہم کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلسٹر بیسڈ تربیتی ماڈل اساتذہ کے درمیان تجربات کے تبادلے اور باہمی سیکھنے کے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیشتر اساتذہ کیلئے یہ اپنی نوعیت کی پہلی منظم تربیت ہے جس سے انکی تدریسی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئیگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ تعلیمی نظام میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں