دو کمسن بچوں کی تحویل کی درخواست پر والدہ کو نوٹس، جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستانی نژاد امریکی شہری اشعر علی کی جانب سے اپنے دو کمسن بچوں کی کسٹڈی سے متعلق دائر درخواست پر بچوں کی والدہ فضا فرید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار اشعر علی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے دو بچے ، سات سالہ انایا اور پانچ سالہ سالار علی، اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور انہیں امریکی عدالتی احکامات کے مطابق واپس بھیجا جانا چاہیے ۔ درخواست گزار کے وکیل عدنان کھٹی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کے بعد بچوں کی کسٹڈی والدہ کے پاس تھی، تاہم امریکا میں جاری عدالتی انتظام کے تحت روزانہ شام چار بجے سے رات سات بجے تک دونوں بچوں کی کسٹڈی والد کے حوالے کی جاتی تھی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بچوں کی والدہ فضا فرید بغیر کسی اطلاع کے بچوں کو ساتھ لے کر پاکستان چلی گئیں۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید بتایا کہ فضا فرید کے خلاف امریکا میں فراڈ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور انہی تحقیقات کے باعث وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے میکسیکو کے راستے پاکستان پہنچی تھیں۔