کورنگی میں نڈر شہری نے بہادری سے ڈکیتی کی بڑی واردات ناکام بنا دی

کورنگی میں نڈر شہری نے بہادری سے ڈکیتی کی بڑی واردات ناکام بنا دی

موٹر سائیکلوں پر آنے والے مسلح ڈاکوؤں کو اپنی جان بچا کر پیدل ہی بھاگنا پڑا،فوٹیج سامنے آگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں پولیس ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام نظر آتی ہے جسکے بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکوؤں سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، کورنگی زمان ٹاؤن میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب ایک نڈر شہری نے اپنی بہادری سے ڈکیتی کی بڑی واردات کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکلوں پر آنے والے مسلح ڈاکوؤں کو اپنی جان بچا کر پیدل ہی بھاگنا پڑا۔ اس سنسنی خیز واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے ۔زمان ٹاؤن میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح ڈاکوؤں نے ایک دکان پر دھاوا بولا اور لوٹ مار شروع کردی۔

اس دوران قریب ہی گھر میں موجود ایک شہری نے ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے دیکھ لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کر دی۔شہری کی جانب سے اچانک ہونے والی فائرنگ سے ڈاکو شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور اپنی موٹر سائیکلیں جائے وقوع پر چھوڑ کر پیدل ہی گلیوں میں فرار ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں