متعدد مقدمات میں مطلوب منشیات فروش میاں بیوی گرفتار
ملزم اکبر خان منشیات فروشوں کی انتہائی اہم اے کیٹیگری کی فہرست میں شامل تھا ملزمان سے دو کلو چرس برآمد،منشیات ایکٹ اور پولیس مزاحمت کے تحت مقدمہ درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جیکسن پولیس کی بڑی کارروائی، 10 مقدمات میں مطلوب منشیات فروش میاں بیوی گرفتار،دو کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن پولیس نے کیماڑی کسٹم وئیر ہاؤس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک کے مطابق گرفتار ملزم پولیس کو مطلوب منشیات فروشوں کی ’اے کیٹیگری‘ کی فہرست میں شامل اور ریکارڈ یافتہ ہے ۔ اور کارروائی کے دوران ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی، تاہم پولیس نے حکمت عملی کے تحت ملزم اکبر خان عرف اکبرے ولد محمد ابراہیم اور اس کی اہلیہ تاج زری زوجہ اکبر خان کو دھر لیا۔
سنگھار ملک نے بتایا کہ گرفتار میاں بیوی کے قبضے سے بوقتِ گرفتاری 2250 گرام (دو کلو سے زائد) چرس برآمد کی گئی۔ اور ملزم اکبر خان منشیات فروشوں کی انتہائی اہم ’اے کیٹیگری‘ کی فہرست میں شامل تھا اور اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے 10 مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ۔ ایس ایس پی سنگھار ملک کے مطابق ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ اور پولیس مزاحمت کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ سپلائی چین اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کا پتہ لگانے کے لیے میاں بیوی کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔