غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن ،11گرفتار

 غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن ،11گرفتار

این سی سی آئی اے کے ڈیفنس،پی ای سی ایچ ایس میں چھاپے ،بینکنگ ڈیٹا برآمدملزمان غیرملکی بینک اہلکار بن کر معلومات حاصل کرتے رہے ، مقدمات درج

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)این سی سی آئی اے کی جانب سے شہر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )نے کراچی میں غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈیفنس فیز 8 اور پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں چھاپے مار کر مبینہ فراڈ کال سینٹرز کا سراغ لگا لیا۔ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان غیرملکی بینکوں کے عملے کا روپ دھار کر شہریوں سے حساس معلومات حاصل کرتے تھے۔

ملزمان مبینہ طور پر سوشل سیکیورٹی نمبرز، سی وی وی کوڈز اور دیگر بینکنگ معلومات اکٹھی کرنے میں ملوث تھے ۔تحقیقات کے مطابق غیرملکی شہریوں کو اسپوفنگ کالز کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھا۔این سی سی آئی اے کی کارروائی کے دوران لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور ہزاروں غیرملکی افراد کا بینکنگ ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا جسے تحویل میں لے لیا گیا ۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق تمام ڈیجیٹل آلات اور دیگر شواہد قبضے میں لے کر محفوظ کر لیے گئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد فرانزک اور تکنیکی تجزیے کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں