یوم عاشورہ پر فراہمی و نکاسی آب کیلئے ہنگامی پلان
واٹر کارپوریشن کا عملہ ہائی الرٹ، جلوسوں کے راستوں پر خصوصی انتظاماتہنگامی مشینری فعال رکھنے کی ہدایات،ڈیوٹی روسٹرز مرتب،فوکل پرسنز مقرر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایات پر یوم عاشورہ محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداران کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے خصوصی ہنگامی پلان جاری کر دیا گیا۔ سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، منتخب نمائندوں، شیعہ علما کرام، جعفریہ الائنس اور دیگر مذہبی تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مکمل تعاون یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مجالس، سبیلوں اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کی فراہمی اور سیوریج نظام کی بہتری کے تمام انتظامات یوم عاشورہ سے قبل مکمل کیے جائیں۔
سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے جبکہ واٹر اور سیوریج کے ذمہ دار افسران کو بلا تعطل پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی صفائی اور مین ہولز کی مرمت و ڈھکنوں کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ واٹر کارپوریشن نے جیٹنگ و سکشن مشینوں سمیت تمام ضروری مشینری کو فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ محرم الحرام کی تعطیلات کے دوران خصوصی ڈیوٹی روسٹرز مرتب کیے جائیں گے ۔ انتظامات کی نگرانی کیلئے آفتاب عالم چانڈیو، محمد زاہد، شفقت مگھن اور شہباز بشیر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔