حادثات میںلڑکے سمیت 2 جاں بحق ، رواں سال 453 اموات
عثمانیہ کالونی میں موٹرسائیکل سوار 45سالہ شکیل بس اوربلدیہ میں 10سالہ لڑکا ڈمپر کی ٹکر سے چل بسا ہیوی ٹریفک سے ہوئے حادثات میں 149 افراد نشانہ بن گئے ، زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات، دس سالہ لڑکے سمیت 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی تفصیلات کے مطابق پی آئی بی تھانے کی حدود عثمانیہ کالونی، سینٹرل جیل کے قریب تیز رفتار بس نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور لاش و زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ محمد شکیل کے نام سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ادھر بلدیہ نیول کالونی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ہٹ کیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت 10 سالہ لڑکا اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ ڈمپر کی ٹکر کی وجہ سے سڑک پر گر گیا۔
جسے ڈمپر روندتے ہوئے کچھ دور جاکر رک گیا حادثے میں 10 سالہ ساحل شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں حادثات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ بس اور ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ رواں برس ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 453 ہوگئی جبکہ ہیوی ٹریفک سے ہوئے حادثات میں اب تک 149 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس اب تک صرف ہیوی ٹریفک سے ہوئے حادثات میں 147 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جن میں وین کی ٹکر سے 16، ڈمپر کی ٹکر سے 7، ٹریلر سے 69، بس کی ٹکر سے 16 اور واٹر ٹینکر سے 39 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 453 اور سال بھر میں اب تک ٹریفک حادثات میں زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔