بلڑی کریم:پی پی رہنما واہلیہ قتل کے ملزم کا بنگلہ نذر آتش

بلڑی کریم:پی پی رہنما واہلیہ قتل کے ملزم کا بنگلہ نذر آتش

پولیس سکیورٹی بھی ناکام، ابراہیم مگسی کے بھائی کافارم ہاؤس بھی مسمار کیاجاچکا

بلڑی شاہ کریم(نمائندہ دنیا)پیپلز پارٹی کے رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ کے قتل کیس میں نامزد ملزمان 3 روز بعد بھی گرفتار نہ ہوئے ۔ واقعے کے بعد پولیس چھاپوں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم ابراہیم مگسی کے بھائی ڈسٹرکٹ کونسل کے رکن امجد مگسی کی زرعی زمین پر قائم فارم ہاؤس کو انتظامیہ کی نگرانی میں مسمار کیا گیا، مگسی زرعی فارم پر جاری مختلف سرگرمیاں بھی روک دی گئی ہیں، بعد ازاں ابراہیم مگسی کے بنگلے کو بھی نشانہ بنایا گیا اطلاعات کے مطابق بنگلے کی چاردیواری اور اس کے ساتھ موجود ایک گھر کو انتظامیہ کی نگرانی میں گرایا گیا۔

جبکہ پولیس کے سخت پہرے اور سکیورٹی انتظامات کے باوجود رات گئے سے صبح فجر تک بنگلے میں آگ لگی رہی، فائر بریگیڈ بروقت نہ پہنچ سکی جس کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کے نقصان ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بنگلے کو آگ پولیس نے نہیں لگائی جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعے کو دوہرے قتل کے ردعمل سے بھی جوڑا جا رہا ہے ، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بلڑی شاہ کریم سمیت دیگر مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ مزید غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں