انٹراسٹی بسوں میں اضافی کرائے ،سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے انٹرا سٹی بسوں میں اضافی کرایوں کی وصولی اور مسافروں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے اگست کے دوسرے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ لیلا رام نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے مارچ 2026 میں انٹرا سٹی بسوں کے کرایوں کے تعین سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم ٹرانسپورٹرز سرکاری نوٹیفکیشن میں مقرر کردہ کرایوں سے کہیں زیادہ رقم مسافروں سے وصول کر رہے ہیں۔ متعلقہ حکومتی ادارے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہیں، جس کے باعث مسافروں کا استحصال جاری ہے اور عوام کو غیر قانونی طور پر اضافی کرائے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ درخواست میں سندھ حکومت، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے ۔ عدالت نے فریقین کو اگست کے دوسرے ہفتے تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔