کراچی کیلئے 500 ارب کے پیکیج کا اعلان کیاجائے ،منعم ظفر
ٹاؤن کو 5ارب، یونین کونسل کو بلاامتیاز 10کروڑ روپے فراہم کیے جائیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاق ہو یا صوبہ کراچی کسی کی بھی ترجیح نہیں ،وفاقی وصوبائی حکومتیں کراچی کیلئے 500,500ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں، ہر ٹاؤن کو 5ارب روپے اور ہر یونین کونسل کو بلاامتیاز 10کروڑ روپے فراہم کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل حل کیے جا سکیں۔
ادارہ نورحق میں صوبائی حکومت اور کے ایم سی کے بجٹ، کراچی کی ضروریات اور تباہ حال انفرااسٹرکچر کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کم از کم 300 ارب روپے کے ایمرجنسی بجٹ کی ضرورت ہے ،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور کے ایم سی کا بجٹ کراچی کے ساتھ ناانصافی ہے ،کراچی میں فوری بلدیاتی ایمرجنسی نافذ کر کے زیرِ التوا ترقیاتی منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، بااختیار شہری حکومت قائم، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں کراچی کیلئے صرف 108 ارب روپے مختص کیے گئے حالانکہ کراچی سندھ کی آبادی کا 35 فیصد ہے ۔ آبادی کے تناسب سے بھی شہر کا حصہ کم از کم 300 ارب ہونا چاہیے تھا، کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر کا صرف 60 ارب روپے کا بجٹ انتہائی افسوسناک ہے ۔7ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس دینے والے شہر کو اس کے جائز وسائل سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔