سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ جلد فعال کرنے کا اعلان
جولائی کے وسط تک 35 ملین گیلن پانی یومیہ ٹریٹ کیا جائے گا،میئر
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ٹی پی ون سیوریج ٹریٹمنٹ منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ کی جدید سہولت کا قیام کراچی کے شہریوں اور صنعتوں کا دیرینہ خواب تھا جو اب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے، میئر کراچی نے بتایا کہ منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اب ٹیسٹنگ کا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جولائی کے وسط تک 35 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی ٹریٹ کرکے پلانٹ کو فعال کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جدید سیوریج ٹریٹمنٹ فیسیلٹی کے فعال ہونے سے صنعتوں کو ٹریٹ کیا ہوا پانی فراہم کیا جائے گا جس سے پانی کے وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی اور شہر کے ماحولیاتی نظام میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے جبکہ یہ منصوبہ کراچی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،میئر کراچی نے کہا کہ ٹی پی ون منصوبہ کراچی میں ماحولیاتی تحفظ، پانی کے موثر استعمال اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے ،صنعتوں کو متبادل پانی کی فراہمی کے ذریعے پینے کے پانی کے ذخائر پر دبا بھی کم کرے گا۔