ریڈ لائن منصوبے کے کام میں مزید تیزی لانے کے احکامات
ہر مرحلہ طے شدہ شیڈول اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں،شرجیل میمن متعلقہ اداروں میں موثر رابطے ، بہتر کوآرڈینیشن اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے ،سینئر وزیر کی زیرصدارت اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کے لئے اہم ترین ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے کام میں مزید تیزی لانے کے احکامات دے دیئے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری کام کی رفتار، مقررہ اہداف، ٹائم لائن اور مستقبل کے مراحل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے عوام کی سہولت اور شہر کے جدید ٹرانسپورٹ نظام کے لیے ایک نہایت اہم عوامی فلاحی منصوبہ ہے، لہٰذا اس پر جاری تمام تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر مرحلے کو طے شدہ شیڈول اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے لیے موثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل کسی بھی تکنیکی یا انتظامی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے ، بہتر کوآرڈینیشن اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو اعلیٰ معیار، شفافیت اور مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔