نئے صوبوں کے حوالے سے قرارداد، لاڑکانہ میں عدالتی بائیکاٹ
ہائیکورٹ وماتحت عدالتوں سے ریلیاں نکال کرباغ جناح چوک پردھرنا دیا گیانئے صوبے بناکر سندھ کے وسائل پرقبضہ کرنیکی کوشش کی جارہی، باررہنما
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کی جانب سے نئے صوبے بنانے کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے اور اس پر بحث کرانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا، اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ لاڑکانہ اور ڈسٹرکٹ کورٹ سے الگ الگ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جو شہر کے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچیں، جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا، دھرنے میں ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکریٹری آصف حسین چانڈیو، ڈسٹرکٹ بار کے صدر ایڈووکیٹ جاوید بلیدی، عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر سول سوسائٹی کے رہنماؤں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، دھرنے سے خطاب میں رہنماؤں نے نثار کھوڑو کی جانب سے سندھ اسمبلی میں نئے صوبے بنانے کے بل پر بحث کیلئے قرارداد پیش کرنیکی مذمت کی اور کہا کہ سندھ نے پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کرکے پاکستان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا، لیکن آج اسی سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کرکے پاکستان کو کمزور کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا نئے صوبے بنا کر سندھ کے جزائر، پانی، معدنیات اور دیگر وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments