طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سیاسی جماعتوں کادھرنا
دن کے اوقات کے ساتھ ساتھ پوری رات بھی بجلی غائب رہتی ہےشہریوں کی زندگیاں اجیرن اور کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا،مقررین
کراچی (این این آئی)ضلع غربی میں کے الیکٹرک کی ظالمانہ، غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے اشتراک سے نارتھ ناظم آباد حیدری میں جی ایم آفس کے باہر ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے اور دھرنے میں ، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے مطالبات درج تھے۔
دھرنے کے شرکاء سے ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا مصباح العالم،جمعیت علما ئے اسلام (جے یوآئی)کے انجینئر محمد سلیم، جماعت اسلامی کے حاجی اسحاق خان ،عوامی نیشنل پارٹی کے کبیرخان کاکڑ،پختونخواملی عوامی پارٹی کے وطن یار اوردیگرنے خطاب کیا ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی کے عوام طویل عرصے سے کے الیکٹرک کے ناروا اور ظالمانہ رویے کا شکار ہیں۔ اورنگی ٹاؤن، بنارس،قصبہ کالونی، فرنٹیئر کالونی،ایم پی آرکالونی، منگھوپیر اور گرد و نواح میں 24 گھنٹوں کے دوران 17 سے 20 گھنٹے تک کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ دن کے اوقات شدید گرمی میں جلانے کے ساتھ ساتھ پوری پوری رات بھی بجلی غائب رہتی ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں اور کاروبارِ زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments