نظام مصطفیؐ کیلئے قرآن و سنت عام کرنا ہونگے ، شاداب رضا
ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم پہلے سے زیادہ متحد ہو جائے
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کیلئے قرآن وسنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا ،پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ، اس قلعے کو مضبوط بنانے اور ملک واسلام دشمن کی سازشوں کو زمین بوس کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے ،اسلام وملک دشمن قوتیں ہمیں تقسیم در تقسیم کرکے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں ۔مرکزاہلسنت پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلامان مصطفی بانیان پاکستان کی اولادیں اسلام وملک کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔
تحفظ ناموس رسالت ؐ ،صحابہ کرام واہل بیت اطہار کی عزت عظمت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، بیرونی ایجنڈے پر گامزن اسلام دشمن این جی اوز ملک میں انتشار اور فساد برپا کرنے کے درپے ہیں ،تحفظ ناموس رسالت ؐ صحابہ کرام واہلبیت اطہار کے قانون کو کالا قانون کہنے کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت فوری طور مغرب زدہ دین سے بیزار ہیومن رائٹس کی خواتین کو فوری گرفتار کرے ۔شاداب رضا نے کہا کہ جب تک ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ نافذ نہیں ہوگا عدل و انصاف کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی،عقیدہ ختم نبوت ؐکے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، عشق رسول میں جینا عشق رسول میں مرنا اہل حق کا شیوہ رہا ہے ، معاشرے کو حقیقی فلاحی معاشرہ بنانے کیلئے حضور سرور کائنات کے احکامات پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments