گراں فروشی کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ
آٹا، روٹی، نان، بیف اور مٹن کی قیمتیں خصوصی طور پر چیک کی جائیں گی تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس آج بیک وقت فیلڈ میں ہوں گے ،کمشنر
کراچی(این این آئی) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس ہوا، جس میں شہر میں گراں فروشی اور سڑکوں کے اطراف تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے اور قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منگل (آج)کو کراچی کے تمام اضلاع میں اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس بیک وقت فیلڈ میں نکلیں گے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی جانچ کریں گے۔ بالخصوص آٹا، روٹی، نان، بیف اور مٹن کی قیمتوں کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور شہریوں کو اشیائے خورونوش مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں جبکہ عادی گراں فروشوں کی گرفتاری اور دکانیں سیل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کمشنر ہیڈکوارٹرز اقرا جنت نے گزشتہ ہفتے کی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق 24 سے 30 اگست کے دوران کراچی میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے گراں فروشی کے مرتکب 376 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments