زبردستی کام کرنے پر مجبور نہیں کیا، صنعتکار سمت سیدھی رکھیں، میئر
کراچی سے بہتر کوئی جگہ نہیں ،صنعتکا رائٹ لیفٹ نہ دیکھیں ،محمد بن قاسم سے اب تک سب کو مفاد کراچی سے ہےصنعتی علاقوں کی ترقی سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، مرتضیٰ وہاب کا خطاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے ، صنعتکاروں کو شہر میں زبردستی کام کرنے پر مجبور نہیں کیا، لہٰذا صنعتکاروں کو رائٹ لیفٹ نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اپنی سمت کو سیدھا رکھنا چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن کے تحت ترقیاتی کاموں کی سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر مسعود پرویز، جنرل سیکرٹری احفاظ شیخ، منتخب کونسلرز اور دیگر متعلقہ افسران و صنعتکار بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی یونٹ بنانے کا فیصلہ اورنگی ٹاؤن میں نہیں ہوسکتا جو لوگ الزامات لگا رہیں ان کا اپنا حال کیا ہے، کیا ہم دوبارہ بوری بند لاشوں کا دور لانے چاہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ شہر ماضی کی طرح ہوجائے اور صنعتکار شہر چھوڑ کر نہ جائے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ خود متحد نہیں ہیں وہ شہر کو کیسے جوڑیں گے محمد بن قاسم سے لیکر اب تک سب کو مفاد کراچی سے ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ لاہور اچھا ہے ۔ پورے پاکستان میں ایسی مثال نہیں ملتی جہاں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز صنعتکاروں کے ہاتھ میں دی گئی ہو، حکومت سندھ کی جانب سے سات ٹاؤن ایسوسی ایشنز کو 9ارب روپے ون گو میں دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر سے قبل سائٹ سپر ہائی کے ترقیاتی کام مکمل کرلیے جائیں گے۔
سائٹ سپر ہائی وے میں پہلی بار پہلا انڈسٹریل ٹریٹمنٹ پلانٹ دسمبر میں لگایا جائے گا جو 100ملین گیلن پانی ٹریٹ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات استعمال کرنے والے شہر کے انفرااسٹرکچر کو خراب کررہے ہیں۔ مئیر کراچی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کے لیے استعمال کرنے سے مصطفی کمال نے روکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی درخواست پر انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی ترجیحات خود طے کریں، یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے کہ حکومت نے صنعتکاروں کو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز فراہم کیے ،میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت شہری یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے شہر کے مسائل حل کرسکتے ہیں، کراچی سے بہتر کوئی جگہ نہیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ کراچی میں صنعتیں قائم کرکے کاروبار کررہے ہیں انہیں کسی نے مجبور نہیں کیا، اس شہر میں کاروبار کے مواقع موجود ہیں اور کراچی کی بہتری کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments