سندھ ہائیکورٹ بار کے وفد کی وزیر قانون سے ملاقات
وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیالضیاالحسن لنجار کی حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار سے ملاقات کی، جس میں وکلاء برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ امور اور انہیں درپیش مسائل سمیت قانونی و عدالتی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی اعزازی سیکریٹری فریدہ منگیرو نے کی، جبکہ وائس پریذیڈنٹ طارق علی جکھرانی اور اعزازی خزانچی سید نعمت اللہ شاہ بھی وفد میں شامل تھے ۔ملاقات کے دوران وفد نے وکلاء برادری کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات سے وزیر داخلہ و قانون سندھ کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وکلاء کی فلاح و بہبود، قانونی شعبے سے متعلق امور اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت سندھ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور وکلاء کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ وکلاء معاشرے میں انصاف کی فراہمی، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے انہیں سازگار ماحول کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments