سانگھڑ:اچھڑو تھر میں مویشیوں کے علاج کیلئے ٹیمیں پہنچ گئیں
بیماری پھیلنے کا ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، لائیو اسٹاک کے ڈاکٹروں کوعلاج کا حکم دیاجانوروں کے علاج کے ساتھ ساتھ بیماری کا سبب بھی جانچیں ، سارہ جاوید
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)اچھڑو تھر کی یوسی بلاول ہنگورجو میں مویشیوں میں بیماری کا ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اچھڑو تھر میں ویٹرنری کیمپ قائم کرکے بیمار جانوروں کا علاج کریں اور جانچ پڑتال کریں کہ اس بیماری کا سبب کیا ہے کیونکہ اچھڑو تھر کی معیشت میں یہ پالتو جانور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ضلعی انتظامیہ ہر صورت اچھڑو تھر کے مویشیوں کو صحت مند اور تندرست رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کی مدد کرنے کیلئے کوشاں ہے ، دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سانگھڑ ڈاکٹر دوست اکبر مری کی سربراہی میں لائیو اسٹاک کی ٹیمیں یوسی بلاول ہنگورجو کے گاؤں کھارڑو سموں اور گہرام سموں میں کیمپ قائم کرکے جانوروں کا علاج شروع کردیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر دوست اکبر مری نے کہا کہ مرنے والی بکریوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور بیمار بھیڑ بکریوں کے سیمپل لے کر چیک کئے ہیں، جس سے واضح ہوا ہے کہ یہ کوئی وبا نہیں مویشیوں نے بارش کا جمع زہریلا پانی پیا ہے جس کے بعد وہاں موجود پانی کے جوہڑ سے سیمپل لیبارٹری بھیجا ہے ، ڈاکٹر دوست اکبر مری نے کہا ہے کہ بیمار جانوروں کا علاج کیا جارہا ہے اور آس پاس کے گاؤں میں بھی کیمپ قائم کردیئے ہیں انہوں نے مویشی مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے جانوروں کی بروقت ویکسی نیشن کروائیں تاکہ انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments