سندھ ہائیکورٹ:تین قاتلوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

سندھ ہائیکورٹ:تین قاتلوں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

ضمیر احمد بری، اپیلوں، سزائے موت کے توثیقی ریفرنس کافیصلہ ، استغاثہ نے جرم ثابت کردیا، عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی میں 2021 کے قتل کیس میں 3 مجرموں رفیق احمد، عثمان علی اور شیراز عرف شیری کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا جبکہ شریک ملزم ضمیر احمد کوشک کا فائدہ دیکر بری کردیا۔ جسٹس عمر سیال اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل بینچ نے ملزمان کی اپیلوں اور سزائے موت کے توثیقی ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم رفیق احمد، عثمان علی اورشیراز عرف شیری کیخلاف استغاثہ قتل میں شرکت ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔  مقتول مسعود احمد کی اہلیہ نے شناخت پریڈ میں عثمان علی کوموٹرسائیکل چلانے والے ملزم کے طور پرشناخت کیا جبکہ مقتول کے بیٹے نے شیراز کو فائرنگ کرنیوالے ملزم کے طور پرشناخت کیا، رفیق احمد کے مقتول اوردیگر ملزمان سے رابطوں کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی سامنے آیاجبکہ مقتول اوررفیق احمد کے درمیان مالی تنازع کامحرک بھی استغاثہ نے ثابت کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ رفیق احمد، عثمان علی اور شیراز کے خلاف شواہد ایسا مربوط سلسلہ بناتے ہیں جو ان کی جرم میں شرکت کی جانب اشارہ ہے ، تاہم ملزمان کا کوئی سابقہ قتل کا ریکارڈ  سامنے نہیں آیا اوروہ کافی عرصے سے زیرحراست ہیں، اس لیے مقدمہ اس محدود زمرے میں نہیں آتا جہاں سزائے موت ہی واحد موزوں سزا ہو ۔ عدالت نے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کی اور ٹرائل کورٹ کی معاوضے کی سزا برقرار رکھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...