جعلی بینک اکاؤنٹس:سندھ ہائیکورٹ نے13 ملزمان کاکیس نمٹا دیا
عدالت کااظہار حیرت، وجہ بتانے پراستفسار، ہمیں صرف اتنا کہا گیا، اٹارنی جنرل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں حسین لوائی، طہٰ رضا سمیت 13 ملزمان کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیلیں واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا فاروق ایچ نائیک، شوکت حیات اور دیگر پیش ہوئے ، وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے اپیلیں واپس لینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ایسا کیا ہوا کہ اپیلیں واپس لے رہے ہیں؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ہمیں اتنی ہی ہدایت کی گئی کہ اپیلیں واپس لینی ہیں، عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے اپیلیں واپس لینے پر کیس نمٹا دیا۔ واضح رہے بینکنگ عدالت نے 4 مارچ 2026 کو حسین لوائی، خواجہ انور، نمر مجید، مصطفیٰ ذوالقرنین، علی کمال، عبدالغنی ، عدیل شاہ ، مشتاق احمد، خواجہ سلمان، عمران خان، محمد اورنگزیب، حاجی ہارون اور ایم یونس سمیت 13 ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کردیا تھا۔ بینکنگ کورٹ نے قرار دیاتھا کہ استغاثہ کسی بھی ملزم کیخلاف دھوکا دہی، بدعنوانی یامنی لانڈرنگ کے الزامات کے بنیادی قانونی اجزا ثابت کرنے کیلئے مطلوبہ مخصوص شواہد پیش نہیں کرسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments