یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سندھ بھر میں ریلیاں، مظاہرے

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سندھ بھر میں ریلیاں، مظاہرے

سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی وسماجی تنظیموں، طلبا وطالبات ودیگر کی شرکت7لاکھ بھارتی فوج کاجبر بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا، مقررین

اندرون سندھ (نمائندگان)یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سندھ بھر میں ریلیاں نکالی اور مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہروں میں سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی وسماجی تنظیموں، ٹاؤن چیئرمینز، طلبا وطالبات ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 7 لاکھ بھارتی فوج کا جبر بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبا نہیں سکا۔ حیدر آباد میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ سجاول میں ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔ مرکزی ریلی ڈی سی کمپلیکس سجاول سے ڈی سی ہاؤس تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سجاول محمد پیرل چانڈیو کی قیادت میں نکالی گئی۔

سانگھڑ میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ضلع انتظامیہ نے یوم سیاہ منایا، اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی آفس سے پریس کلب چوک تک ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی۔ گھوٹکی میں ڈپٹی کمشنر منظور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بشارت حسین سمیت محکمہ اطلاعات، صحت، تعلیم، سماجی بہبود، زراعت اور ریسکیو 1122 کے افسران و ملازمین، سول سوسائٹی، شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ٹنڈوآدم میں اسسٹنٹ کمشنر حنین طارق شاہانی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں، ایم ایس تعلقہ اسپتال ڈاکٹر دیدار حسن خاصخیلی، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر راؤ ناصر سمیت طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جھڈو میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹاؤن کمیٹی سے ریلی نکالی گئی، اس ریلی میں ٹاؤن آفیسر میر عاطف تالپور،وائس چیئرمین حاجی ظفر حسین آرائیں،اور ٹاؤن عملے سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...