اسرائیل میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے، انتخابات کے نتائج سامنے آنے میں 48 گھنٹے کا وقت لگ سکتا ہے۔

الیکشن حکام کے مطابق انتخابات میں ٹرن آؤٹ 74 فیصد سے زائد رہا، مجموعی طور پر 73 لاکھ اسرائیلی شہریوں نے ووٹ ڈالے، بڑے ٹی وی نیٹ ورکس کے ایگزٹ پولز کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے اہم حریف گادی آئزن کوٹ میں سے کوئی بھی 120 رکنی پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل کرتا دکھائی نہیں دے رہا۔

چھوٹی جماعتیں حکومت سازی کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں، اسرائیل کے سیاسی نظام میں کسی ایک جماعت کیلئے پارلیمان کی 61 نشستیں حاصل کرنا مشکل رہا ہے، اس لیے حکومت بنانے کیلئے اتحادی جماعتوں کی حمایت ضروری ہوتی ہے۔

یہ 7 اکتوبر 2023ء کے حماس حملوں کے بعد پہلے عام انتخابات ہیں، نیتن یاہو کو غزہ، لبنان اور ایران میں جنگوں، سکیورٹی ناکامیوں اور بدعنوانی کے الزامات پر عوامی ردعمل کا سامنا ہے جن کی وہ تردید کرتے ہیں۔

دوسری جانب سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے سکیورٹی معاملات میں اپنے تجربے کو انتخابی مہم کا اہم حصہ بنایا اور نیتن یاہو کی قیادت پر تنقید کی۔

اگر دونوں رہنما پارلیمان میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے مطلوبہ اتحادی حمایت حاصل نہ کر سکے تو اسرائیل میں طویل سیاسی مذاکرات یا نئے انتخابات کی نوبت آ سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...