گوگل اور یوٹیوب کا بچوں کی آن لائن حفاظت یقینی بنانے کیلئے لاکھوں ڈالرز کا منصوبہ
دبئی: (سید مدثر خوشنود) گوگل اور یوٹیوب نے متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بچوں کو انٹرنیٹ کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک بڑے علاقائی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
چار سالہ منصوبے کے تحت نو ممالک کے 23 لاکھ سے زیادہ بچوں کو محفوظ انٹرنیٹ استعمال کرنے، آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے اور ذاتی معلومات کے تحفظ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق گوگل کی فلاحی تنظیم گوگل ڈاٹ آرگ نے علاقائی تعلیمی ادارے انجاز العرب کو 24 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، مصر، مراکش اور تیونس سمیت نو ممالک شامل ہیں، جہاں سات سے تیرہ سال کے بچوں کو ڈیجیٹل دنیا کے ممکنہ خطرات، ذمہ دارانہ رویوں اور آن لائن حفاظت کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس مہم کے سلسلے میں دبئی کے السرکال ایونیو میں 24 اور 25 اکتوبر کو خاندانوں اور بچوں کے لیے دو روزہ خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، اس میں والدین کو یوٹیوب کڈز، بچوں کے مخصوص اکاؤنٹس، فیملی لنک اور انٹرنیٹ پر بچوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کے دستیاب طریقوں سے متعارف کرایا گیا۔
پروگرام متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل میڈیا اتھارٹی کے تعاون سے منعقد کیا گیا، منصوبے کا ایک اہم مقصد والدین اور بچوں کے درمیان ڈیجیٹل حفاظت سے متعلق آگاہی بڑھانا ہے، تاکہ بچے مشکوک پیغامات، آن لائن دھوکہ دہی، غیر محفوظ روابط اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال جیسے خطرات کو پہچان سکیں۔
یہ مہم متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سمیت مختلف قومیتوں کے خاندانوں کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ بچوں کی انٹرنیٹ سرگرمیوں کی نگرانی اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی والدین کی بڑھتی ہوئی ترجیح بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ 24 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت پورے علاقائی منصوبے کے لیے مختص ہے، صرف متحدہ عرب امارات کے لیے نہیں، اسی طرح 23 لاکھ بچوں تک رسائی آئندہ چار برسوں کا ہدف ہے، جبکہ اس مہم کے تحت بچوں کے لیے کسی نئی قانونی پابندی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments