سٹار لنک صارفین کی جاسوسی کا انکشاف، اسرائیلی ایڈ ٹیک کمپنی پر سنگین الزامات
ٹوکیو: (دنیا نیوز) سائبر سکیورٹی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی ایڈ ٹیک کمپنی ڈسکور ٹیک مبینہ طور پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹار لنک استعمال کرنے والے افراد کو ڈیجیٹل اشتہارات کے ذریعے نشانہ بنا رہی تھی، جس کا مقصد صارفین کے مقامات کا پتا لگانا اور ان کی نگرانی کرنا تھا۔
ٹوکیو میں قائم سائبر سکیورٹی کمپنی کے محققین کے مطابق ڈسکور ٹیک 100 سے زائد ممالک میں سٹار لنک صارفین کو دکھائے جانے والے اشتہارات کے لیے سب سے زیادہ بولی لگانے والی کمپنیوں میں شامل تھی، ان ممالک میں بعض ایسے علاقے بھی شامل ہیں جہاں اسٹار لنک پر پابندی یا سخت پابندیاں عائد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل اشتہارات کی بولی کے نظام کے ذریعے صارفین سے متعلق انٹرنیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، اس معلومات کو دیگر دستیاب ڈیٹا کے ساتھ ملا کر صارفین کی شناخت، مقام اور آن لائن سرگرمیوں کا سراغ لگانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تحقیقات سامنے آنے کے بعد گوگل، کامکاسٹ اور دیگر کمپنیوں نے ڈسکور ٹیک کو اپنے اشتہاری پلیٹ فارمز سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب بعض امریکی اور بین الاقوامی اداروں نے بھی اپنے ملازمین کو ممکنہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments