سکھر:آفر آرڈر جاری نہ ہونے پر پولیس امیدواروں کا احتجاج

سکھر:آفر آرڈر جاری نہ ہونے پر پولیس امیدواروں کا احتجاج

2024 میں ٹیسٹ پاس کیا،ڈھائی برس سے 10 ہزار امیدوار بے یقینی کا شکار ہیں آرڈر جاری نہ ہونے پر کراچی تک لانگ مارچ شروع کرینگے ،حکام نوٹس لیں، امیدوار

سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ پولیس میں کانسٹیبل بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ پاس کرنے والے SPD-01 کے ویٹنگ امیدوار آفر آرڈرز جاری نہ ہونے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ امیدواروں کی بڑی تعداد نے مظفر جوکھیو، وکیل احمد، محمد شہزاد اور دیگر امیدواروں کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا 2024 میں سندھ پولیس کی بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ پاس کیے ، لیکن تقریباً ڈھائی سال گزرنے کے باوجود انہیں آفر آرڈرز جاری نہیں کیے گئے ۔ 10 ہزار سے زائد امیدوار طویل انتظار اور بے یقینی کا شکار ہیں، جبکہ ان کے غریب والدین بھی شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ امیدواروں نے الزام عائد کیا کہ پولیس میں خالی اسامیوں کی موجودگی کے باوجود اہل امیدواروں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بھرتیوں میں مبینہ بدعنوانی کی شفاف تحقیقات اور ویٹنگ لسٹ کی صورت حال واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی ، وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اہل امیدواروں کو میرٹ اور قواعد کے مطابق ان کے حقوق دیے جائیں۔ احتجاجی امیدواروں نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے ایک ہفتے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 4 نومبر کو سکھر سے کراچی تک پیدل لانگ مارچ شروع کیا جائے گا، جبکہ انہوں نے احتجاج کا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کی بھی دھمکی دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...