شکار پور:مجرم کی ہلاکت کے معاملے پرسابق ایس ایچ اوقتل
رستم موڑ پرموٹر سائیکل سواروں کی نہال بروہی پرعدالت سے واپسی پرفائرنگملزمان فرار میں کامیاب، بیٹے کے قتل کاصدمہ، باپ کودل کا دورہ، اسپتال داخل
شکارپور(نمائندہ دنیا)شکارپور میں مجرم کی ہلاکت کے معاملے پر شہر میں پولیس اہلکار سابق ایس ایچ او نہال بروہی کو قتل کردیا گیا، بیٹے کے قتل کے صدمے سے دل کا دورہ پڑنے پر والد کو سکھر کے اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کے نیو فوجداری تھانے کی حدود میں رستم موڑ پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار نہال بروہی جاں بحق ہوگئے ۔ ملزمان واردات کے بعد آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، مقتول پولیس اہلکار کی لاش کو آر بی یو ٹی سول اسپتال شکارپور منتقل کیا گیا، جہاں لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول کے والد ریٹائرڈ پولیس افسر محمد عمر بروہی نے بتایا کہ نہال بروہی عدالت میں حاضری کے بعد پولیس لائن جارہے تھے کہ رستم چوک پر مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے وہ خالق حقیقی سے جا ملے ، بیٹے کے پوسٹ مارٹم کے دوران ان کے والد محمد عمر بروہی کو بھی دل کا دورہ پڑا اور انہیں مزید علاج کے لیے پہلے سول اسپتال شکارپور اور بعد ازاں سکھر کے اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، نیو فوجداری تھانے کے ایس ایچ او خلیل رند کا کہنا ہے کہ نہال بروہی کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے ، مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں کسی صورت بخشا نہیں جائے گا، انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments